آزاد کشمیر میں مون سون بارشوں کی تباہ کاریاں، 29 افراد جاں بحق، سیکڑوں گھر تباہ

Published On 30 August,2025 08:49 am

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں جاری مون سون بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔

سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق اب تک بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے مختلف واقعات میں 29 افراد جاں بحق جبکہ 29 زخمی ہو چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی سے 304 گھر مکمل طور پر تباہ اور 1831 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، اس کے علاوہ 59 دکانیں تباہ، 237 مویشی ہلاک اور 17 پن چکیاں بھی سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں۔

ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں 7 صحت مراکز اور 169 سکولز کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 33 رابطہ پل اور 15 گاڑیاں بھی طغیانی کی نذر ہوئیں، لینڈ سلائیڈنگ اور طوفانی بارشوں کے باعث 40 نہریں متاثر اور تقریباً 200 کلومیٹر سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئیں۔

محکمہ آفات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دنوں میں مزید خطرات پیدا کر سکتا ہے جس کے باعث متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔