سپر فلڈ نے پنجاب میں قیامت ڈھا دی، گھر بار اجڑ گئے،لوگ جمع پونجی سے محروم

Published On 02 September,2025 01:38 am

لاہور: (دنیا نیوز) سپر فلڈ نے پنجاب میں قیامت ڈھا دی، گھر بار اجڑ گئے، لوگ جمع پونجی سے محروم ہوگئے۔

تا حد نگاہ پھیلے پانی سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا، ہزاروں ایکڑ پر فصلیں تباہ ہوگئیں، لاکھوں لوگوں کی نقل مکانی، شکر گڑھ میں نالہ بئیں کے سیلابی پانی سے فتح پور کے قریب پل بہہ گیا، متعدد دیہات کا شکر گڑھ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، ہزاروں افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

شور کوٹ میں اونچے درجے کا سیلاب آگیا، سلطان باہو پل سے 4 لاکھ کیوسک پانی کا بہاؤ، سیلاب کے باعث 200 سے زائد دیہات متاثر ہوئے، تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ختم ہوگئی، ڈیم میں پانی کی آمد 2 لاکھ دو ہزار کیوسک ہو گئی۔

کمالیہ میں چیچہ وطنی روڈ پر سیلابی پانی سے بڑا شگاف پڑ گیا، ٹریفک مکمل طور پر معطل ہوگئی، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، نالہ ڈیک میں سکروڑ کے مقام پر طغیانی آگئی، سیلابی ریلے میں ایک شخص بہہ گیا، ایک شہری نے درخت پر چڑھ کر جان بچائی، کنڈیارو میں 3 نوجوان سیلابی پانی میں ڈوب کر دم توڑ گئے۔