کراچی :(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ہم اپنی پلاننگ 8 لاکھ کیوسک تک کی کررہے ہیں۔
کراچی میں فلڈ مانیٹرنگ سیل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا کہ مون سون بارشوں سے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتِ حال ہے، پنجند میں سیلابی ریلا 7 لاکھ کیوسک تک جانےکا امکان ہے، تونسہ سے 2 لاکھ 17 ہزار کیوسک پانی دریائے سندھ میں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ 9 ستمبر کو گڈو بیراج پر پانی عروج پر ہوگا، ہم 8 لاکھ کیوسک کے ریلے کے حساب سے تیاری کررہے ہیں، متاثرہ اضلاع سے لوگ پہلے ہی نقل مکانی کرچکے، سیلاب متاثرین کی امداد ہر صورت یقینی بنارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا کہ متاثرہ اضلاع میں کیمپس، ادویات اور خوراک پہنچائی جا رہی ہے، موجودہ صورت ِحال میں ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے، پنجاب سیلاب سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے، بلاول بھٹو اورصدر آصف علی زرداری کم از کم روزانہ 2 بار ہم سے پوچھتے ہیں، بلاول کل یا پرسوں سکھر جا کر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے،کراچی میں اس سال توقع سے زیادہ بارشیں ہورہی ہیں، بارشوں کے لیے بھی تیاریاں مکمل ہیں، تمام محکمے وزراء متحرک اور فعال ہیں، چیف سیکرٹری آفس میں رین اینڈ فلڈ ایمرجنسی سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گھرسے بیٹھ کرخبریں بنانے والوں کو میں کیا کہوں،اربن فلڈنگ کو مکمل نہیں روکا جاسکتا، کچھ گھنٹوں میں پانی نکالنا اصل بات ہے، اس مرتبہ ہم نے بارش کا پانی چار، پانچ گھنٹے سے زیادہ کھڑا نہیں ہونےدیا۔
انہوں نے کہا کہ ناصر شاہ، مکیش چاؤلہ، جام دھاریجو، محمد علی ملکانی، ریاض شاہ سمیت صوبائی اسمبلی کے نمائندے گراؤأنڈ پرموجود ہیں، تین لاکھ چوبیس افراد کو محفوظ مقامات ہر منتقل کیا گیا ہے۔