ژوہو: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری چین کے شہر ژوہو پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، ژوہو کے میئر اور پاکستانی سفارتکاروں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گورنر سندھ کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے ژوہو میونسپل پیپلز گورنمنٹ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران حیدرآباد اور ژوہو کو’’سسٹر سٹیز‘‘ قرار دینے کی تجویز زیر غور آئی، جس پر دونوں رہنماؤں نے باہمی رضامندی کے ساتھ پیش رفت کا عندیہ دیا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کی ترقی میں 60 ہزار ڈیموں کا کلیدی کردار رہا ہے، پاکستان کی پائیدار ترقی کیلئے بھی ڈیموں کی بروقت تعمیر نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صوبے میں انفراسٹرکچر، انرجی اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں، سرمایہ کاروں کو ایس آئی ایف سی کے تحت ون ونڈو آپریشن کے ذریعے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
گورنر سندھ نے موجودہ حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملکی معیشت کی مضبوطی اور ترقی کیلئے سرگرم عمل ہیں، پاکستان اور چین کے شہروں کے درمیان تعاون بڑھانے سے معاشی اور صنعتی ترقی کو نئی جہتیں ملیں گی۔