کراچی: گٹر میں صفائی کیلئے اترنے والے باپ اور دو بیٹے جاں بحق

Published On 21 September,2025 09:14 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں گارڈن کے علاقے عثمانہ آباد صدیق وہاب روڈ پر گٹر کی صفائی کے دوران تین خاکروب جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ صفائی کے دوران اچانک 2 خاکروب ایک کے بعد ایک گہرے گٹر میں جا گرے جبکہ ان کو بچانے کی کوشش کرنے والا تیسرا شخص بھی موت کے منہ میں چلا گیا۔

ایدھی ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور ایک نوجوان کی لاش سب سے پہلے نکالی گئی، جس کی شناخت 22 سالہ وشال ولد جورج کے نام سے ہوئی، جس کے بعد مزید دو افراد کو نکالا گیا، تاہم دونوں زندگی کی بازی ہار چکے تھے۔

ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 19 سالہ شاہد ولد خورشید اور 42 سالہ جورج ولد نامعلوم شامل ہیں، تینوں افراد کی لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال کے ٹراما سنٹر منتقل کردیا گیا جبکہ خاکروب سمیت 3 افراد کو گٹر سے نکالنے کی کوشش کرنے والے 26 سالہ فیصل کو نیم بے ہوشی کی حالت میں نکال کر سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایس ایچ او تھانہ گارڈن کے مطابق واقعہ دم گھٹنے کے باعث پیش آیا، ایک خاکروب کی حالت دیکھ کر گٹر میں جانے والا دوسرا خاکروب بھی گٹر میں بھرنے والی گیس کے نتیجے میں دم گھٹنے سے ہلاک ہوا جبکہ ان کو بچانے کی کوشش کرنے والے دو افراد میں سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرے کا علاج جاری ہے۔

علاقہ مکینوں کا بتانا ہے کہ جاں بحق ہونے والے  تینوں آپس میں باپ بیٹے تھے جو 15 ہزار روپے کے عوض صفائی کے لیے گٹر میں اترے تھے، تینوں افراد کو نکالنے کے لیے واٹر کارپوریشن کی گاڑیوں میں رسیاں تک نہیں تھیں۔