پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے درمیان گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کے دوران کابینہ میں تبدیلیوں کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں اہم ملاقاتوں کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا، جن میں ممکنہ ردوبدل اور نئے وزراء کی شمولیت پر تفصیلی مشاورت کی گئی، صوبائی کابینہ میں 2 سے 3 نئے اراکین کو شامل کیا جائے گا، جبکہ بعض وزراء کے قلمدان بھی تبدیل کئے جائیں گے۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کابینہ کے 2 اراکین سے متعلق شکایات بھی بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کابینہ میں ممکنہ تبدیلیوں کے بعد انتظامی سطح پر بھی ردوبدل متوقع ہے اور بعض سیکرٹریز کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جا سکتا ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق ان تبدیلیوں کا مقصد صوبائی حکومت کی کارکردگی بہتر بنانا اور انتظامی معاملات میں بہتری لانا ہے۔