لاہور:(ویب ڈیسک) اکتوبر کا مہینہ چاند کے حوالے سے کچھ خاص ثابت ہونے والا ہے کیونکہ اس ماہ کا مکمل چاند زمین کے قریب ترین ہونے کی وجہ سے سپر مون قرار دیا جائے گا۔
جب چاند زمین کے سب سے زیادہ قریب ہوتا ہے تو وہ معمول سے زیادہ بڑا اور روشن نظر آتا ہے اور اسے سپر مون کہا جاتا ہے۔
7 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں 2025 کے پہلے سپر مون کا نظارہ کیا جائے گا، یہ سپر مون معمول سے 14 فیصد زیادہ بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا، اس کے بعد 5 نومبر اور پھر 5 دسمبر کو بھی سپر مون کا نظارہ کرنا ممکن ہوگا جبکہ جنوری 2026 کے شروع کا مکمل چاند بھی سپر مون ہوگا مگر اسے 2025 کا حصہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔
ہر سال 3 یا 4 سپر مون کا نظارہ ہوتا ہے، 7 اکتوبر کو آسمان پر طلوع ہونے والا چاند زمین سے 2 لاکھ 24 ہزار599 میل کے فاصلے پر ہوگا، یہ 11 ماہ بعد پہلا سپرمون ہوگا، آخری بار ایسا چاند نومبر 2024 میں دیکھنے میں آیا تھا۔
رواں سال کا سب سے روشن چاند نومبر میں دکھائی دے گا جب وہ زمین سے 2 لاکھ 21 ہزار 817 میل کے فاصلے پر ہوگا۔
سپر مون اس لئے بھی خاص ہوتا ہے کیونکہ جب یہ افق کے قریب ہوتا ہے تو اپنے حجم سے بھی زیادہ بڑا نظر آتا ہے، سائنسدانوں کے خیال میں مختلف حجم والی اشیاء جیسے درختوں اور عمارات کا چاند سے فاصلہ آنکھوں کو دھوکا دیتا ہے اور چاند معمول سے زیادہ بڑا نظر آتا ہے۔