لاہور:(دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پنجاب کسی کی جاگیرنہیں، ہمارا ایشو معافی نہیں عوام کو ریلیف دلانا ہے۔
دنیا نیوزکے پروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ ہم چیف منسٹرسےسوال کرتے ہیں تو انگلیاں توڑنے کی بات کی جاتی ہے، ہمارا بھی کیپٹل اُن کی وجہ سے جا رہا ہے، پنجاب میں لوکل باڈی انتخابات کرائے جائیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی زراعت کےحوالےسے پالیسیاں ٹھیک نہیں،سیلاب زدگان کوایک ماہ ہوگیا کوئی ریلیف نہیں مل رہا، ڈپٹی کمشنرکی ڈائری اور سوشل میڈیا پر سیلاب زدگان مہمان ہیں۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ راول ڈیم کےساتھ ریسٹ ہاؤس پر ایک ارب لگا دیا گیا، چھ ماہ میں9 ارب روپے صرف اشتہارات کی مد میں لگا دیے، پنجاب کے حوالے سے بڑے سیریس ایشو ہے، اس بات پر رانا ثنا اللہ سے بحث نہیں کروں گا،ابھی ہماری پارٹی کی میٹنگ نہیں ہوئی۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ کوئی صوبہ کسی کی جاگیرنہیں ہے، ہمارا معافی کا ایشونہیں متاثرین کوریلیف دیں، پنجاب میں لوکل باڈی سسٹم ہونا چاہیے، صوبے پر رحم کریں بلدیاتی نظام کوبحال کیا جائے، عدم اعتماد لانےتک ابھی ہماری بات نہیں گئی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ یہ اپنا رویہ جمہوری کرلیں طعنے نہ دیں، یہ پنجاب میں خادم بنیں مالک نہ بنیں،ہم عوام کوریلیف دلوا رہیں گے۔