غزہ معاہدہ مستقل جنگ بندی اور دیرپا امن کا باعث بنے گا: اسحاق ڈار

Published On 09 October,2025 11:38 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امید ہے غزہ معاہدہ مستقل جنگ بندی اور دیرپا امن کا باعث بنے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لکھا کہ پاکستان نے منصوبے کے پہلے مرحلے پر اتفاق کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں فوری طور پر جنگ بندی، یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی اور غزہ تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم صدر ٹرمپ، قطر، مصر اور ترکی کی اس ضمن میں کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

نائب وزیر اعظم نے لکھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ قدم مستقل جنگ بندی اور پائیدار امن کا باعث بنے گا، پاکستان اپنے اصولی موقف کو دوبارہ دہراتا ہے کہ فلسطین کی ایک آزاد ریاست کا قیام 1967 کے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ہونا چاہیے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ معاہدہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن قائم کرنے کا ایک تاریخی موقع ہے، غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کیلئے معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے لئے امریکی صدر ٹرمپ کی کوشش، عالمی امن کیلئے اُن کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔