لڑکیوں کے عالمی دن پر پاکستان کی ہر بچی کے تحفظ کیلئے دعا گو ہوں: روبینہ خالد

Published On 11 October,2025 04:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ لڑکیوں کے عالمی دن پر پاکستان کی ہر بچی کے تحفظ کے لئے دعا گو ہوں۔

لڑکیوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ آج کی بیٹیاں کل کا مستقبل ہیں، ایک کامیاب معاشرے کےلئے ایک لڑکی کا تعلیم یافتہ ہونا بہت ضروری ہے۔

روبینہ خالد نے کہا کہ شہید محترمہ نے پاکستان اور مسلم ممالک کی پہلی وزیر اعظم منتخب ہو کر ثابت کیا کہ ایک لڑکی کے لئے کچھ بھی نا ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذالفقار علی بھٹو نے لڑکیوں کی بہتر تعلیم کے لئے بہت زور دیا، پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی ایک لڑکی کے تحفظ، اسکی بہتر تعلیم اور ملک کی فلاح میں ایک لڑکی کے اہم کردار پر یقین رکھتی ہے۔

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ہر بیٹی ملک کے لئے ایک امید ہے، کوئی بھی معاشرہ ایک تعلیم یافتہ لڑکی کے بنا ترقی نہیں کر سکتا۔

روبینہ خالد نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو ایک ایسا ملک بنانا ہے جہاں ہر لڑکی بنا کسی روک ٹوک کے بہتر تعلیم حاصل کرے۔

انہوں ے کہا کہ پاکستان کو ایک ایسا ملک بنانا ہے جہاں ہر بیٹی خود کو محفوظ محسوس کرے، پاکستان کے بہترین مستقبل کے لئے ہر بچی کا آج بہتر بنانا ہوگا۔