اسلام آباد: (دنیا نیوز) مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث اسلام آباد ریڈ زون مکمل بند رہا، زیرو پوائنٹ جزوی بحال کر دیا گیا۔
شہر کی مختلف داخلی سڑکیں جزوی طور پر کھول دی گئیں، پیر ودھائی، منڈی نور، فیض آباد بس اڈے بھی تا حال بند ہیں، روات ٹی چوک بھی جزوی طور پر کھول دیا گیا، لاہور سے اسلام آباد، ملتان اور سیالکوٹ موٹر ویز کھول دی گئیں۔
راولپنڈی میں سکیورٹی انتہائی سخت رہی، پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی، میٹرو بس سروس کی چوتھے روز بھی بند رہی، گجرات میں دریائے چناب کے پل کو دونوں اطراف سے کھول دیا گیا، ٹریفک رواں دواں ہوگئی۔
لالہ موسی اور کھاریاں سے بھی جی ٹی روڈ ٹریفک کیلئے بحال ہوگیا، راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی، نفاذ امن و امان کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔
دفعہ 144 کے تحت سیاسی، مذہبی اور سماجی اجتماعات پر پابندی ہوگی، دھرنوں، جلسوں، جلوسوں، ریلیوں، مظاہروں پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔