حکومت کے پاس وعدوں پر عمل درآمد کیلئے ایک ماہ ہے: شیری رحمان

Published On 18 October,2025 11:07 pm

کراچی:(دنیا نیوز) پیپلزپارٹی نے حکومت کو وعدوں پر عملدرآمد کیلئے ایک ماہ کا وقت دے دیا۔

شہر قائد میں بلاول بھٹو زرداری کے زیرصدارت پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے کراچی میں منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہم نے وفاقی حکومت کو ایک ماہ کا وقت دیا ہے، ایک ماہ کے بعد پارٹی کی سی ای سی میٹنگ ہوگی، جس میں وفاقی حکومت کے اقدامات کا جائزہ اور حتمی لائحہ عمل طے کیا جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کچھ روز قبل اپنی ٹیم کے ساتھ صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی، جس میں ہم نے شہباز شریف کے سامنے اپنے تحفظات کا اظہار کیا، اس سے اگلے دن چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی۔

دورانِ ملاقات وزیراعظم نے ہمیں کچھ یقین دہانیاں کروائیں اور وعدے کیے، ساتھ ہی عمل درآمد کے لیے کچھ وقت بھی مانگا ہے۔

شیری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا، ہم جمہوریت کا اہم ستون رہے، ہمارے کوئی مطالبات نہیں، نہ ہی پیپلز پارٹی نے کابینہ کا حصہ بننے کی کوشش کی اور نہ ہی ہم نے کسی قسم کی مراعات مانگیں، بلاول بھٹو کا مطالبہ تھا سیلاب متاثرین کے بل معاف کیے جائیں،امید ہے حکومت بی آئی ایس پی کے ذریعے متاثرین کو فوری امداد پہنچائے گی۔
ندیم افضل چن
ندیم افضل چن نے کہا کہ پنجاب سے متعلق سب سے اہم مطالبہ بلدیاتی الیکشن ہیں، پیپلزپارٹی اپنے مطالبات پر کھڑی ہے، گندم کی قیمت پر سندھ حکومت کا مطالبہ ٹھیک ہے۔