کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس سے چوری کے الزام میں گرفتار گھریلو ملازم کروڑوں کے اثاثوں کا مالک نکلا۔
کراچی میں 45 ہزار ماہانہ تنخواہ پر ملازم کے 4 بینک اکاؤنٹس اور اکاونٹس سے ایک کروڑ 86 لاکھ کی ٹرانزیکشن کے شواہد بھی ملے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے ملزم نے چوری کی رقم سے کراچی میں فلیٹ، ہری پور اور اسلام آباد میں پلاٹ خریدے، ملزم کی ایک مسافر وین بھی ہے جو ہری پور روٹ پر چل رہی ہے، ملزم سے ایک کروڑ روپے مالیت کا سونا بھی برآمد ہوا۔
ملزم کو ڈیفنس کے رہائشی بزرگ جوڑے نے 8 برس قبل ملازمت پر رکھا تھا، بزرگ جوڑے کو بیرون ملک مقیم بیٹا اور بیٹی ماہانہ بھاری رقم بھیجتے تھے، ملزم نے بزرگ جوڑے کا اعتماد جیتا اور بینک اکاؤنٹس، لاکرز سمیت ہر جگہ تک رسائی حاصل کی، 4 سال قبل بزرگ کا انتقال ہوا تو ملزم معمر خاتون کی دیکھ بھال کرتا رہا اور اس نے اسی دوران چوری شروع کی۔
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس سے لاکھوں روپے کی چوری میں ملوث گھریلو ملازم واجد کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا، ملزم نے دوران تفتیش گھر سے رقم اور قیمتی سامان چوری کرنے کا اعتراف کیا، ملزم نے چوری کی رقم سے جائیداد اور گاڑیاں خریدنے کا بھی انکشاف کیا۔



