سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیاں، 13 دہشتگرد ہلاک، 2 اہم کمانڈر بھی مارے گئے

Published On 21 November,2025 08:00 pm

لکی مروت: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز کے ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت کے علاقہ پہاڑ خیل پکہ میں کامیاب آپریشن، 13 دہشت گرد ہلاک، 2 اہم کمانڈر بھی مارے گئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق لکی مروت پہاڑ خیل پکہ سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر بروقت اور قابلِ اعتماد اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی ، کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

سب ڈویژن بیٹنی میں موجود 20 سے 30 دہشت گرد چھوٹے گروپوں کی صورت میں پہاڑ خیل کی طرف نقل و حرکت کر رہے تھے، انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر پولیس اور سکیورٹی فورسز نے صبح 07:30 بجے بھرپور جوابی کارروائی کا آغاز کیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر موثر گولہ باری اور فائرنگ کی، ہلاک 10 دہشت گردوں میں ٹیپو گل گروپ کے 2 اہم کمانڈرز، کمانڈر نیاز علی المعروف اکاشا اور کمانڈر عبداللہ المعروف شپونکوئی شامل ہیں۔

آپریشن میں لکی مروت پولیس کی بکتر بند گاڑیاں بھی شامل تھیں، آپریشن کلیئرنس کے دوران 7 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، 3 لاشیں بیٹنی پہاڑوں کے قریب ہونے اور شدید فائرنگ کے باعث نہیں نکالی جا سکیں۔

دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک اور کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 خوارج مارے گئے۔

آئی جی پولیس ذوالفقار حمید کے مطابق 5 دہشت گرد زخمی اور 1 سہولت کار گرفتار کیا گیا، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں۔

ذوالفقار حمید نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائیگا، لکی مروت پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کیا ہے۔

آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔