کراچی: (دنیا نیوز) نیپا چورنگی سانحہ کے بعد کھلے مین ہولز کیلئے ہنگامی انتظامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نیپا سانحے کے بعد میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے زیر صدارت بلدیہ عظمیٰ کراچی کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں تین سالہ ابراہیم کی گٹر میں گر کر ناگہانی موت کے بعد کھلے مین ہولز کیلئے ہنگامی بنیادوں پر انتظامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو شہر بھر میں مین ہولز کی فوری مرمت اور حفاظت یقینی بنانے کا ٹاسک دے دیا، میئر کراچی نے حالیہ المناک واقعے کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی کو سخت احکامات جاری کر دیئے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر بھر میں مین ہولز کی نشاندہی، مرمت اور محفوظ ڈھکنوں کی تنصیب کے لیے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر آپریشن شروع کیا جائے، شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ اس مہم میں شہر کے تمام ٹاؤنز اور علاقوں کو بلا استثنیٰ شامل کیا جائے، مرتضیٰ وہاب نے شہر بھر میں مین ہولز کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا، انہوں نے بغیر ڈھکن یا ٹوٹے پھوٹے مین ہولز سے شہریوں کو درپیش سنگین خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مستقبل میں کسی بھی ناگہانی واقعے سے بچنے کے لیے تمام محکمے مشترکہ اور مربوط حکمتِ عملی اختیار کریں۔
انہوں نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو فوری طور پر 1000 مین ہولز کے ایم سی کے محکمہ سٹی وارڈن اور محکمہ انجینئرنگ کے حوالے کرنے کی ہدایت کی۔
میئر کراچی نے کہا کہ کام میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے اور نشاندہی کیے گئے تمام مین ہولز کو فوری طور پر محفوظ بنایا جائے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جاسکے، متعلقہ محکمے یہ کام کم سے کم وقت میں مکمل کریں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر بھر میں مین ہولز کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ تمام مین ہولز ہمہ وقت محفوظ اور ڈھکنوں سے آراستہ رہیں، انسانی جانوں کا تحفظ شہر کی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور کے ایم سی کراچی کے عوام کی حفاظت اور فلاح کے لیے ہرممکن اقدام کرے گی۔
میئر کراچی نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی کھلے مین ہول کی نشاندہی کریں اور اس کی اطلاع واٹر بورڈ ہیلپ لائن 1334 پر دیں یا ای میل complaint@kmc.gos.pk پر دیں۔



