گارمنٹس فیکٹری میں لگی آگ نے شدت اختیار کرلی، 14 فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف

Published On 04 December,2025 04:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ نے شدت اختیار کرلی، جسے تیسرے درجے کی آگ قرار دیتے ہوئے شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کرلیے گئے ہیں۔

کراچی کے صنعتی علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ شدت اختیار کرتی جارہی ہے، اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

اس وقت 14 فائر ٹینڈرز آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، حکام نے آگ کی شدت کے باعث اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دے دیا ہے۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے شہر بھر سے مزید فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے ہیں تاکہ آگ بجھانے کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو بحفاظت عمارت سے باہر نکال لیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کرلی، سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر لانڈھی ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

شیرپاؤ ہائیڈرنٹ پر بھی ٹینکرز کو سٹینڈ بائی پر الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری روانہ کیا جا سکے، واٹر کارپوریشن کی جانب سے جائے وقوعہ پر فوری طور پر واٹر ٹینکرز روانہ کر دیئے گئے۔

ترجمان کے مطابق انچارج ہائیڈرنٹس سیل محمد صدیق تنیو فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

آگ بجھانے کے عمل میں فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، واٹر کارپوریشن آگ بجھانے کے آپریشن میں فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق فائر بریگیڈ کو آتشزدگی پر مکمل قابو پانے تک واٹر ٹینکرز کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا، واٹر کارپوریشن شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔