کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں گاڑی پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگا کر گھومنے والے 2 بھائی گرفتار کر لئے گئے۔
ملزمان نے چند روز قبل کار سوار شہری کو اپنے سکیورٹی گارڈز کے ہمراہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس میں ڈبل کیبن گاڑی پر سرکاری نمبر پلیٹ لگی ہوئی بھی دکھائی دے رہی تھی۔
گلستان جوہر پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد دونوں پارٹیوں میں راضی نامہ ہوگیا تھا جس کے بعد وہ اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے تاہم گلستان جوہر پولیس نے گزشتہ روز اے ایس آئی گلبہار کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کرکے 2 سگے بھائیوں کو حراست میں لیکر جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگی ڈبل کیبن قبضے میں لے لی۔
مدعی مقدمہ نے بیان میں کہا کہ وہ علاقے میں گشت پر تھا کہ میں نے اپنے موبائل فون سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھی جس کی تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ وقوعہ بمقام مین منور چورنگی جانب کامران چورنگی بلاک 3 گلستان جوہر میں پیش آیا تھا۔
واقعہ کے مطابق ایک سیاہ رنگ کی گاڑی جس پر سرکاری نمبر پلیٹ جی پی بی 879 لگی تھی اور اس میں سوار افراد اور ان کے ہمراہ موجود پرائیویٹ گارڈ تھے جو کہ لوگوں کو مار پیٹ کر رہے تھے۔
معلومات کرنے پر گاڑی کے مالکان کے نام عمیر اور سمیر اور ان کے ہمراہ نامعلوم سکیورٹی گارڈ تھے اور اس حوالے سے تھانے فون کرکے معلومات حاصل کی تو معلوم ہوا کہ گاڑی کو دفعہ 550 کے تحت قبضہ پولیس میں اور اس کا ذریعہ فون سی پی ایل سی سے ریکارڈ چیک کرایا تو اس کا اصل رجسٹریشن نمبر کے وی 8477 معلوم ہوا۔
گلستان جوہر پولیس نے گرفتار دونوں بھائیوں اور سکیورٹی ساتھی کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لئے انچارج انویسٹی گیشن سہراب گوٹھ ڈویژن کے حوالے کر دیا۔



