اسحاق ڈار کا سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، اسرائیلی یکطرفہ منصوبے کی مذمت

Published On 05 December,2025 10:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیرِاعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال، خصوصاً غزہ پر تبادلہ خیال کیا۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ نائب وزیرِاعظم نے اسرائیل کے یکطرفہ منصوبے کی سخت مذمت کی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی منصوبے کے تحت رفاہ سرحدی گزرگاہ کو صرف غزہ کے رہائشیوں کے اخراج تک محدود کیا جا رہا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ امن منصوبے کی کھلی خلاف ورزی اور انسانی امداد کی رسائی میں رکاوٹ ہے۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ تک بلا تعطل امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، فریقین نے دیرپا امن کے لیے مربوط کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔