خواتین فٹبال ورلڈکپ: اعصاب شکن میچ میں امریکا نے انگلینڈ کو پچھاڑ دیا

Last Updated On 07 July,2019 08:43 pm

پیرس: (ویب ڈیسک) دفاعی چیمپئن امریکن ٹیم نے انگلینڈ کو اعصاب شکن میچ پچھاڑ دیا اور آٹھویں ویمنز ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی ویمنز فٹ بال ٹیم نے پہلے سیمی فائنل میچ میں اعصاب شکن میچ کے بعد انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دیدی اور میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ امریکن ٹیم کی فتح میں پریس اور مورگن نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ امریکی ٹیم نے میچ کے شروع سے ہی حریف ٹیم پر دھاک بٹھائی، امریکی سٹرائیکر کھلاڑی پریس نے میچ کے 10 ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برطانوی ٹیم پر 0-1 کی برتری دلا دی۔ برطانوی ٹیم کی طرف سے کھیل میں کچھ تیزی نظر آئی اور میچ کے 19 ویں منٹ میں برطانوی کھلاڑی ٹونی وائٹ نے گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کردیا۔

امریکی کھلاڑی الیگزینڈرا مورگن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو انگلینڈ پر ایک مرتبہ پھر برتری دلائی اور مقابلہ 2-1 کر دیا۔ میچ کے ہاف پر امریکی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 2-1 کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ انگلینڈ کی ٹیم نے میچ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم آخر تک ناکام رہی اور امریکی نے سخت مقابلے کے بعد پہلے سیمی فائنل میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا کر میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔