پیرس: (ویب ڈیسک) آٹھویں ویمنز ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہالینڈ اور امریکہ کی ٹیمیں آج آمنے سامنے ہونگی۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق دفاعی چیمپئن امریکن ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے ہالینڈ کے مد مقابل ہو گی۔ یہ مقابلہ فرانس کے شہر سٹیڈ دے لائن میں کھیلا جائے گا جہاں شہریوں کی بڑی تعداد میں آمد کی امید کی جا رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں سیمی فائنل میں اعصاب شکن میچ کے بعد جیت کر فیصلہ کن مرحلے میں پہنچی ہیں، ماہرین نے ہالینڈ کی ٹیم کو فیورٹ قرار دیدیا ہے۔ تاہم امریکن ٹیم بھی ٹائٹل کا دفاع کرنے کیلئے پر امید ہے۔
اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں امریکہ نے انگلینڈ جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ہالینڈ نے ایکسٹرا ٹائم میں گول کر کے سویڈن کو مات دے کر فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں ہالینڈ کی ویمنز فٹ بال ٹیم نے اعصاب شکن میچ کے بعد سویڈن کو 0-1 سے آؤٹ کلاس کر دیا اور میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان اعصاب شکن میچ دیکھنے کو ملا۔ ہالینڈ کی ٹیم نے میچ کے شروع سے ہی حریف ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کیے تو دوسری طرف سویڈن نے بھی جاندار مقابلہ کرتے ہوئے گیند کو گول پوسٹ کی طرف نہ جانے دیا۔
پہلے تین ہاف تک کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی، اس دوران دونوں ٹیموں کی طرف سے کئی بار گول کرنے کے مواقع ملے تاہم گول کیپرز کے شاندار کھیل کی وجہ سے کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔ میچ کے ایکسٹرا ٹائم میں 99 ویں منٹ کے دوران ہالینڈ کی ٹیم کی کھلاڑی جیکی گورنین نے گول داغ کر ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک تک برقرار رہی۔ اس طرح ہالینڈ نے حریف ٹیم سویڈن کو ایک کے مقابلے میں صفر گول سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے آؤٹ کیا اور خود فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا۔
یاد رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن امریکن ٹیم نے انگلینڈ کو اعصاب شکن میچ میں شکست دی تھی۔ امریکا کی ویمنز فٹ بال ٹیم نے حریف ٹیم کو 1-2 سے ہرایا تھا، اس میچ کے دوران امریکن ٹیم کی فتح میں پریس اور مورگن نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔