وہاڑی: (دنیا نیوز) وہاڑی میں ہونے والے کبڈی میلے میں ریڈ ٹیم نے حریف گرین کو 24 کے مقابلے میں 25 پوائنٹس سے شکست دے دی، ثقافتی کھیل میں منفرد انداز کی کمنٹری کی گئی، ڈھول کی تھاپ اور بھنگڑوں نے روایتی رنگ جما دیا۔
روحانی بزرگ سائیں رب راکھا سرکار کے سالانہ عرس کے آخری دن کبڈی میچ ہوا، وہاڑی ریڈ اور گرین ٹیمیں مدمقابل ہوئیں۔ لالہ جابر کمبوہ، وقاص ساپ، عمران گجر، باسط علی، شہرام ساجد بھٹو سمیت نامور انٹر نیشنل کھلاڑیوں کی شرکت نے ایونٹ کو چار چاند لگا دیئے، پکڑن پکڑائی، زور آزمائی اور ہاتھا پائی کا زبردست مظاہرہ کیا گیا۔
تماشائیوں سے بھرے میدان میں درختوں پر چڑھے دیوانوں نے کھیل کی پسندیدگی کا رنگ دکھایا، منفرد انداز کی کمنٹری کے بھی کیا کہنے۔ برصغیر کے ثقافتی اور تاریخی کھیل میں ڈھول کی روایتی انٹری ہوئی جس کی گونج اور تھاپ نے دلوں کو خوب گرمایا، مداحوں کے دیوانہ وار بھنگڑے کمال تھے۔ وہاڑی ریڈ نے 24 کے مقابلے میں 25 پوانٹس حاصل کرکے وہاڑی گرین کو شکست دے دی۔ فاتح کھلاڑیوں کو خوب داد ملی، انعامات بھی دیئے گئے۔