جاپانی شہریوں نے اولمپکس کے انعقاد کی مخالفت کردی

Published On 18 May,2021 08:43 pm

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں جاری عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے جاپانی شہریوں کی بڑی تعداد نے اولمپکس کے انعقاد کی شدید مخالفت کر دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عوامی ردعمل جاننے کیلئے پورے جاپان میں ایک سروے کیا گیا جس میں تقریباً 80 فیصد شہریوں نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ اس صورتحال میں کھیلوں کے اس بڑے ایونٹ کا ہمارے ملک میں انعقاد ہو۔

خیال رہے کہ دنیا بھر کی نظریں اس وقت جاپان پر لگی ہوئی ہیں جہاں اولمپکس کے انعقاد کو اب صرف چند ہی ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ اس وقت جاپان میں کورونا وائرس کا چوتھا دور جاری ہے۔ حکومت نے عالمی وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہنگامی حالت میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔

خبریں ہیں کہ کورونا کے کیسز میں ہونے والے اچانک اضافے نے جاپان کے صحت عامہ کے نظام پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سہولیات میں ممکنہ کمی ہو سکتی ہے۔

ٹوکیو اولمپکس کے بارے میں جب عوامی رائے عامہ جاننے کی کوشش کی گئی تو 43 فیصد جاپانیوں کا کہنا تھا کہ اسے فوری طور پر منسوخ کردیا جائے جبکہ 40 فیصد کا کہنا تھا کہ فی الحال اس کو موخر کرنا ہی بہتر ہے۔

اس سے قبل کئے گئے سروے میں 35 فیصد جاپانی شہریوں نے اولمپکس منسوخ کرنے جبکہ 34 فیصد کا کہنا تھا کہ اولمپکس کو مزید موخر کیا جائے۔
 

Advertisement