ویمن بیڈمنٹن کھلاڑی ماہ حور شہزاد اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرینگی

Published On 04 June,2021 04:34 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ماہ حور شہزاد پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی ہیں جو عالمی مقابلوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گی، انہوں نے اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کو اپنے خواب کی تعبیر قرار دیا ہے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے ماہ حور کی کھیل سے متعلقہ کارکردگی دیکھتے ہوئے انھیں عالمی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی دینے کی تجویز پیش کی تھی۔

ماہ حور شہزاد اب آئندہ ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں شرکت کرنے والی پہلی خاتون بننے جا رہی ہیں جو بیڈ منٹن کے مقابلوں میں حصہ لیں گی۔

خیال رہے کہ ماہ حور شہزاد 2017ء سے مسلسل قومی ویمن چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کرتی آ رہی ہیں۔ ایک نجی ٹیلی وژن چینل سے گفتگو میں انہوں نے کہا ہے کہ ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے کہ وہ کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلوں میں شرکت کرکے اپنے ملک کا نام روشن کرے۔

ماہ حور شہزاد نے کہا کہ ان کے والد بھی سابق بیڈمنٹن کھلاڑی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے میرے کھیل کو نکھارنے میں خصوصی توجہ دی، انہی کی زیر نگرانی میں محنت کرکے آج اس مقام تک پہنچی ہوں۔