چیس فیڈریشن پر بھی پابندی کے بادل منڈلانے لگے

Published On 12 June,2021 09:47 am

ملتان: (روزنامہ دنیا) فٹ بال کے بعد پاکستان چیس فیڈریشن پر بھی پابندی کے بادل منڈلانے لگے۔

فیڈے نے وارننگ لیٹر جاری کر دیا، جس کی وجہ 8 جولائی کو اسلام آباد میں ہونے و الے الیکشن کو روکنے کیلئے ایف آئی اے کی طرف سے فیڈے (فیڈریشن آف انٹرنیشنل چیس) کے مقرر کردہ کمشنر کو گرفتار کرنا اور پھر ان کو رہا کرنا بنا ہے۔

فیڈے حکام نے محمد سلیم کی گرفتاری اور رہائی پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے، گزشتہ روز فیڈے مینجمنٹ کی طرف سے جاری ہونے والے مراسلے میں پاکستانی حکام کو شدید الفاظ میں احتجاج کرتے ہوئے پاکستان چیس فیڈریشن کی معطلی اور پابندی کا عندیہ دے دیا ہے۔

جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے فوجداری سسٹم میں مداخلت کئے بغیر ہمیں اس بات سے زیادہ دلچسپی ہے کہ اس گرفتاری کا تعلق پاکستان چیس فیڈریشن کے الیکشن سے نا ہو اگر ایسا ہوا تویہ یقیناً پاکستان چیس فیڈریشن کیلئے بہت افسوس ناک ہوگا۔ اس سلسلے میں پاکستان چیس فیڈریشن کے ترجمان محمد وقار نے تصدیق کی ہے کہ فیڈے نے وارننگ لیٹر جاری کر دیا ہے۔
 

Advertisement