میراڈونا کی 26 ہزار ڈالر کی گھڑی چوری کرنے والا بھارتی گرفتار

Published On 11 December,2021 06:46 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی حکام کی طرف سے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ارجنٹائن سٹار فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کی چوری ہونے والی کسٹمائزڈ گھڑی برآمد کر لی گئی ہے اور دبئی میں مبینہ چوری کرنے والے شخص کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق بھارتی پولیس نے بتایا کہ انہوں نے واجد حسین کو شمال مشرقی ریاست آسام میں حراست میں لیا اور سوئس ساختہ ’ہبلوٹ‘ گھڑی برآمد کی۔ وہ دبئی میں مبینہ چوری کے بعد فرار ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق 37 سالہ واجد حسین دبئی میں قائم فرم میں 2016ء سے سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کر رہے تھے، جہاں میراڈونا سے متعلق چیزیں محفوظ تھیں۔ سنگل ایڈیشن گھڑی، جس کی قیمت تقریباً 26 ہزار ڈالر سے زائد ہے، کی پشت پر میراڈونا کی تصویر بنی ہے اور ان کی جرسی کے نمبر 10 کے ساتھ دستخط بھی ہیں۔

شیو ساگر کے سپرنٹنڈنٹ پولیس راکیش روشان نے دبئی حکام سے موصول ہونے والی معلومات کے حوالے سے اے ایف پی کو بتایا کہ اگرچہ بہت سی محدود ایڈیشن گھڑیاں دستیاب ہیں، لیکن اس گھڑی کو میراڈونا کے لیے ان کی مرضی کے مطابق بنایا گیا تھا۔
 

Advertisement