میکسیکو سٹی:(دنیا نیوز) میکسیکو میں فٹبال میچ کے دوران تماشائیوں کی ہلڑ بازی، لڑائی اور مارکٹائی سے گراؤنڈ میدان جنگ بن گئی، 22 افراد کے زخمی ہونے پر کھیل روکا پھر معطل کیا گیا بعدازاں ایک صفر کی برتری کے باوجود بے نتیجہ ختم کر دیا گیا۔
میکسیکن سٹیڈیم میں دو مقامی کلب ٹیموں کا آمنا سامنا ہوا، روایتی حریفوں کے درمیان میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا، پہلے ہاف میں اٹلس کے گول سے متحارب کھلاڑی اور اس کے پرستار بے چین و بے قرار تھے، سٹینڈز میں بیٹھے تماشائیوں میں لڑائی شروع ہو گئی، بات ہاتھا پائی سے آگے نکلی، منچلوں نے گراؤنڈ میں انٹری ڈال دی۔
فٹبال گراؤنڈ فری سٹائل کشتیوں کا منظر پیش کرنے لگا، 22 افراد زخمی ہوگئے، پولیس اور انتظامیہ کی مداخلت سے صرف مشتعل افراد کو ہی نہیں نکالا گیا بلکہ ساتھ ہی میچ بھی معطل کر دیا گیا، ادھورا میچ تماشائیوں کی ہلڑ بازی کی نذر ہوگیا اور کھیل کا سارا مزہ کرکرا ہو گیا۔