نیشنل چیلنج کپ میں مزید 6 میچز کا فیصلہ ہو گیا

Published On 03 February,2023 01:06 am

راولپنڈی : ( ویب ڈیسک ) پاکستان فٹبال فیڈریشن ( پی ایف ایف ) کے زیر اہتمام جاری نیشنل چیلنج کپ 2023 میں مزید چھ میچز کا فیصلہ ہو گیا، پی او ایف، ڈبلیو ایس ٹی سی ، اوٹو کرینز، نیمسو اور اے ایس ایم نے اپنے اپنے میچز میں کامیابی سمیٹ لی جبکہ ایچ ای سی اور ایس اے گارڈنز کا میچ برابر ہوگیا۔

پی ایف ایف کے مطابق پی او ایف گراؤنڈ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پی او ایف نے مسلم ہینڈز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دی ، فاتح ٹیم کی طرف سے واحد اور فیصلہ کن گول زین العابدین کیا۔

تماس سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ڈبلیو ایس ٹی سی نے بی ایچ سی سی کے خلاف ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی، ڈبلیو ایس ٹی سی کی طرف سے زاہد اور رضوان نے ایک، ایک گول کیا۔

دہنولا گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں اوٹو کرینز نے کلاش ملز کو بآسانی 0-3 سے شکست دی ، اوٹو کرینز کے حیدر نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دو گول کئے۔

ایوب سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیمسو نے مائلو کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 0-1 سے فتح حاصل کی، نیمسو کی جانب سے واحد گول علی رضا نے کیا۔

گلزار صادق سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اے ایس ایم نے حسین ٹیکسٹائل ملز کو 0-2 سے ہرایا، اے ایس ایم کی جانب سے ناصر اور کاشف نے ایک، ایک گول کیا، پنجاب یونیورسٹی گراؤنڈ میں ایچ ای سی اور ایس اے گارڈنز کے درمیان کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔