پیرس : (ویب ڈیسک ) سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر تین نواک جوکووچ اور ہسپانوی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار کارلوس الکاراز فرنچ اوپن ٹینس میں اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت مینز سنگلز مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ۔
سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہیں۔
مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں سربیا کے نوویک جوکووچ نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ہنگری کے ٹینس کھلاڑی مارٹن فوکسووکس کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 6-7(2-7)،0-6 اور 3-6 سے شکست دی۔
تیسرے راؤنڈ میں نواک جوکووچ کا مقابلہ سپین کے حریف کھلاڑی الیجینڈرو ڈیوڈووچ فوکینا سے ہوگا۔
ہسپانوی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون کارلوس الکاراز نے روایتی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپانی حریف تارو ڈینئیل کو 1-6، 6-3، 1-6 اور 2-6 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
کارلوس الکاراز کا مقابلہ کینیڈین حریف کھلاڑی ڈینس وکٹورووچ شاپووالوف سے ہوگا۔
دوسرے راؤنڈ کے دیگر میچوں میں برطانوی ٹینس کھلاڑی کیمرون نوری، اطالوی کھلاڑی فابیو فوگنینی،یونانی کھلاڑی سٹیفانوس،پاؤلش ہوبارٹ ہرکاز،روسی کھلاڑی آندرے روبلوف اور روسی کے ہی کیرن خچانوف نے کامیابی حاصل کر کے تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔