پیرس : (ویب ڈیسک ) پولینڈ کی ٹینس سٹار عالمی نمبر ایک ، میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈاور دفاعی چیمپئن آئیگا سوئیٹک ، قازقستان کی ایلینا ریبا کینا اور امریکی ٹینس سٹار کوکوگف اپنی فتوحات کو جاری رکھتے ہوئے فرنچ اوپن ٹینس کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔
سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہے ، میگا ایونٹ کے ویمن سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں میگا ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈاور دفاعی چیمپئن آئیگا سوئیٹک نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔
انہوں نے امریکی حریف کھلاڑی کلیئر لیو کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 0-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا، جہاں ان مقابلہ چین کی وانگ ژینیو سے ہوگا۔
قازقستان کی ایلینا ریبا کینا نے بھی میگا ایونٹ کی دوسری رکاوٹ عبور کرلی ، 23 سالہ ایلینا ریباکینا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کی حریف کھلاڑی لنڈا نوسکووا کو سیدھے سیٹس میں 3-6 اور 3-6 سے ہر اکر تیسرے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
ایک اور میچ میں امریکا کی کو کو گف نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریا کی حریف کھلاڑی جولیا گرابھر کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 3-6 سے مات دے کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔