پیرس : (ویب ڈیسک ) سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر تین نواک جوکووچ اور ہسپانوی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار کارلوس الکاراز فرنچ اوپن ٹینس میں اپنی کامیابیوں کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ۔
سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہیں۔
مینز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں سربیا کے نوویک جوکووچ نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف پیرو کے ٹینس کھلاڑی جان پابلو واریلاس کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 ،2-6 اور 2-6 سے شکت دی۔
اس فتح کے ساتھ جوکووچ نے 17 ویں مرتبہ فرنچ اوپن ٹینس کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، کوارٹر فائنل میں جوکووچ کا مقابلہ روسی ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف سے ہوگا۔
ہسپانوی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ون کارلوس الکاراز نے روایتی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اطالوی حریف لورینزو موسیٹی کو سیدھے سیٹس میں 3-6، 2-6 اور 2-6 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا ،جہاں ان کا مقابلہ یونانی حریف کھلاڑی سٹیفانوس سے ہوگا۔
سٹیفانوس نے پری کوارٹر فائنل میچ میں آسٹریا کے حریف کھلاڑی سیباسٹین آفنرکو سٹریٹ سیٹس میں 5-7، 3-6 اور 0-6 سے شکست دی ۔
ایک اور میچ میں روسی کھلاڑی کیرن خچانوف نے بھی سخت مقابلے کے بعد پری کوارٹر فائنل لائن عبور کرتے ہوئے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ، ان کی فتح کا سکور 6-1،4-6، 6-7(7-9) اور 1-6 رہا۔کیرن خچانوف کو کوارٹر فائنل میں 22 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن سربین سٹار نوویک جوکووچ کا چیلنج درپیش ہوگا۔