سڈنی : ( ویب ڈیسک ) دنیائے ٹینس کے معروف کھلاڑی اور ہسپانوی سٹار رافیل نڈال انجری کے باعث 5 ماہ کیلئے ٹینس کورٹ سے باہر ہوگئے۔
معروف ٹینس سٹار انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے باعث انہیں سرجری کے عمل سے گزرنا پڑا، سرجری کی تصدیق کرتے ہوئے نڈال کے ترجمان بینیٹو پیریز بارباڈیلو نے بتایا کہ اس عمل میں تین ڈاکٹروں نے حصہ لیا۔
رپورٹس کے مطابق نڈال کو سرجری کے بعد صحتیابی میں 5 ماہ کا عرصہ درکار ہے اور ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔
37 سالہ ہسپانوی ٹینس سپر سٹار انجری کے باعث فرنچ اوپن ٹورنامنٹ میں شرکت سے محروم ہوگئے ہیں اور یہ پہلی مرتبہ ہوگا جب نڈال فرنچ اوپن کا حصہ نہیں ہوں گے۔
اس سال کے شروع میں کئی ٹورنامنٹس میں غیر موجودگی کی وجہ سے نڈال کی عالمی درجہ بندی گر گئی ہے اور وہ اس وقت 15ویں نمبر پر ہیں۔