لندن :( ویب ڈیسک ) جمہوریہ چیک کی معروف ٹینس سٹار مارکیٹا وونڈروسووا نے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ویمنز سنگلز ایونٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔
مارکیٹا وونڈروسووا ومبلڈن ویمنز سنگلز ٹائٹل جیتنے والی پہلی غیر سیڈڈ کھلاڑی بن گئیں، انہوں نے میگا ایونٹ کے فائنل میں تیونس کی نامور ٹینس سٹار اونس جبیر کو شکست دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا جبکہ اونس جبیر مسلسل دوسرے برس بھی فائنل نہ جیت سکیں۔
24 سالہ وونڈروسووا کلائی کی انجری کے باعث گزشتہ سیزن کے چھ ماہ سے غائب رہنے کے بعد دنیا میں 42 ویں نمبر پر ہیں۔
فائنل معرکے میں وونڈروسووا نے تجربہ کار ٹینس پلیئر اونس جبیر کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا اور سٹریٹ سیٹس میں فتح حاصل کی، ان کی جیت کا سکور 4-6 اور 4-6 رہا۔
A dream come true #Wimbledon pic.twitter.com/LeZtB3qw6Q
— Wimbledon (@Wimbledon) July 15, 2023
اپنی فتح کے حوالے سے وونڈروسووا کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ کیا ہو رہا ہے ، یہ ایک حیرت انگیز احساس ہے۔
دوسری جانب اونس جبیر مسلسل دوسرے برس فائنل میں پہنچنے کے باوجود ٹائٹل نہ جیت سکیں، شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل دن ہے لیکن میں ہمت ہارنے والی نہیں ہوں، میں مضبوطی سے واپس آؤں گی اور میرا وعدہ ہے کہ ہم ایک نہ ایک دن یہ جیت کر رہیں گے۔