اونس جبیر ومبلڈن اوپن کے فائنل میں تاریخ رقم کرنے کیلئے پر امید

Published On 15 July,2023 01:42 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) تیونس کی نامور ٹینس سٹار اور ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 2023 کی فائنلسٹ اونس جبیر کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے کہ میں میگا ایونٹ کے فائنل معرکے میں نہ صرف تیونس بلکہ افریقہ کے لیے بھی تاریخ رقم کر سکوں گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز خواتین کے سنگلز مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میچ میں تیونس کی اونس جبیرنے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیلا روس کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ آریانا سبالینکا کو 7-6(7-5)، 4-6 اور 3-6 سے شکست دے کر نہ صرف میگا ایونٹ سے باہر کیا بلکہ فائنل کے لئے بھی کوالیفائی کیا۔

اونس جبیر کا میگا ایونٹ کے فائنل میں آج جمہوریہ چیک کی ٹینس سٹار مارکٹا ونڈروسووا سے مقابلہ ہوگا جنہوں نے سیمی فائنل میں یوکرین کی کھلاڑی ایلینا سویٹولینا کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 3-6 سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔

28 سالہ ٹینس سٹار کو امید ہے کہ ان کا تیسرا بڑا فائنل خوش قسمت ثابت ہوگا کیونکہ ان کا مقصد گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹل جیتنے والی پہلی افریقی یا عرب خاتون بننا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب فائنل کی بات آتی ہے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کسی بڑے چیمپئن کا سامنا کر رہے ہیں یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں فائنل ایک فائنل ہوتا ہے، جو بھی زیادہ جذبات کو سنبھال سکتا ہے اور جو بھی زیادہ تیاری سے کورٹ میں آ سکتا ہے وہ یقینی طور پر یہ میچ جیت جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نہ صرف ومبلڈن کے فائنل بلکہ یو ایس اوپن کے فائنل سے بھی بہت کچھ سیکھنے جا رہی ہوں اور فائنل میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں گی۔