ومبلڈن اوپن ٹینس :عالمی نمبرون کارلوس الکاراز سیمی فائنل میں پہنچ گئے

Published On 13 July,2023 11:10 am

لندن : (ویب ڈیسک ) ہسپانوی نامور ٹینس سٹار ، عالمی نمبر ون اور میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکارازاور روس کے عالمی نمبر تین ڈینیئل مدویدیف ومبلڈن اوپن ٹینس مینز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ گئے ۔

سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

سپین کے 20 سالہ کارلوس الکاراز نے مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ڈنمارک کے ہولگر رونے کو سٹریٹ سیٹس میں 6-7(3-7)،4-6اور 4-6سے شکست دے کر نہ صرف میگا ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ معروف سربین ٹینس سٹار نوویک جوکووچ سے ہوگا ، الکاراز وملبڈن کے سیمی فائنل میں پہنچنے والے دوسرے کم عمر کھلاڑی ہیں، ان سے قبل سال 2007 میں جوکووچ وملبڈن کے سیمی فائنل میں پہنچے تھے ۔

میگا ایونٹ کے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میچ میں روسی ٹینس سٹار ڈینیئل مدویدیف نے سخت مقابلے کے بعد امریکی حریف کھلاڑی کرسٹوفریو بینکس کو 4-6، 6-1، 6-4، 6-7(4-7) اور 1-6 سے ہرا کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔

سیمی فائنل مرحلے میں کارلوس الکاراز اور دینیئل مدویدیف فائنل کے لئے پنجہ آزمائی کریں گے۔