لوکاس ہرنینڈز کا پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ 5 سالہ معاہدہ

Published On 11 July,2023 02:52 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) فرانسیسی فٹبالر لوکاس ہرنینڈز کا فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ 5 سالہ معاہدہ طے پاگیا۔

پیرس سینٹ جرمین ( پی ایس جی ) نے بائرن میونخ کے 27 سالہ دفاعی کھلاڑی لوکاس ہرنینڈز کے ساتھ 34 ملین پاؤنڈ میں 5 سال کا معاہدہ کیا ہے ، ہرنینڈز کا بائرن کے ساتھ کئے گئے معاہدے کا ایک سال باقی تھا لیکن دونوں کلبوں کے درمیان اچھے تعلقات نے معاہدے کو آگے بڑھنے دیا۔

27 سالہ کھلاڑی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ میں واقعی پرجوش ہوں، میں کافی عرصے سے پی ایس جی میں شامل ہونے کا انتظار کر رہا تھا اور آخر کار ایسا ہو ہی گیا، یہ میرے لیے بہت خاص دن ہے اور میں کلب کے ساتھ اپنے معاہدے پر بہت خوش ہوں۔

خیال رہے کہ لوکاس ہرنینڈز کا چھوٹا بھائی تھیو ہرنینڈز ’ سیری اے ‘ میں اے سی میلان کلب کے لیے کھیلتا ہے۔