لندن : ( ویب ڈیسک ) یوکرین کی معروف ٹینس سٹار ایلینا سویٹولینا کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے کہ یوکرین کے لوگ میری حمایت جاری رکھیں گے۔
ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 2023 کے سیمی فائنل میں جمہوریہ چیک کی ٹینس سٹار مارکٹا ونڈروسووا کے ہاتھوں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایلینا سویٹولینا نے میگا ایونٹ کے دوران سپورٹ کرنے پر اپنے ہم وطن شہریوں کا شکریہ ادا کیا۔
سویٹولینا کا کہنا تھا کہ میں شکر گزار ہوں کہ یوکرین کے لوگوں نے ومبلڈن کے دوران تعاون فراہم کیا، یہ میرے لئے واقعی حیرت انگیز تھا، مجھے بہت سے لوگوں کے پیغامات موصول ہوئے، مجھے امید ہے کہ یوکرین کے لوگ اسی طرح میری حمایت جاری رکھیں گے۔
میگا ایونٹ سے باہر ہوجانے پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں صرف امید کرتی ہوں کہ مجھے ایک اور موقع ملے گا۔
خیال رہے کہ ایلینا سویٹولینا یوکرین کی سب سے نمایاں ایتھلیٹس میں سے ایک ہیں جو فروری 2022 میں روس کے حملے کے بعد سے ملک کی جنگی کوششوں کے لیے فنڈز اور تعاون کے لیے اپنی پوزیشن کا استعمال کر رہی ہیں۔