اوسلو: (دنیا نیوز) اوسلو میں جاری ناروے کپ میں پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، قومی سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم نے اپنا دوسرا میچ جیت لیا۔
پاکستان کی سٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم نے آرول آئی ایل کو 2-1 سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح حاصل کی، قومی ٹیم کی جانب سے کپتان طفیل شنواری، عبدالوہاب نے ایک ایک گول کیا، قومی سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم نے ناروے کپ کے سیکنڈ راؤنڈ میں کوالیفائی کر لیا۔
ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے وطن عزیز کی فتح پر جشن منایا، ناروے کپ 10 سے 19 سال کی عمر کے فٹ بال کھلاڑیوں کے لیے دنیا کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہے۔
ایک دن پہلے پاکستان نے ٹیم فرگ اوسلو ایف کے کو 11-1 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا، پاکستان اب کل ( یکم اگست) کو اپنے آخری گروپ میچ میں ایس کے جولڈ آئی ایل کا مقابلہ کرے گا۔