فیفا ویمنز ورلڈ کپ : سویڈن اور جنوبی افریقا پری کوارٹر فائنل میں داخل

Published On 03 August,2023 01:17 am

ہملٹن : ( ویب ڈیسک ) سویڈن اور جنوبی افریقا کی ٹیموں نے فیفا ویمنز ورلڈ کپ 2023 کے پری کوارٹر فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

گروپ جی کے میچز میں سویڈن نے ارجنٹائن کو جبکہ جنوبی افریقا نے اٹلی کو شکست دے کر ٹاپ 16 میں رسائی حاصل کی۔

سویڈن اور ارجنٹائن کی ٹیمیں وائیکاٹو سٹیڈیم، ہیملٹن کے مقام پر آمنے سامنے تھیں جس میں سویڈن کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ارجنٹائن کی ویمن ٹیم کو 0-2 گول سے ہرا دیا۔

ربیکا ماریا بلومکیوسٹ اور ایلن انگرڈ جوہانا روبنسن نے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

گروپ جی کے ہی ایک اور میچ میں جنوبی افریقا اور اٹلی کی ٹیمیں ویلنگٹن ریجنل سٹیڈیم، ویلنگٹن میں نبرد آزما تھیں جس میں جنوبی افریقا نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد اٹلی کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔

بینڈیٹا اورسی، ہلداہ ماگیا اور تھیمبی کگتلانہ نے ایک ، ایک گول کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

یاد رہے کہ پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں سویڈن کا مقابلہ دفاعی چیمپئن امریکا سے جبکہ جنوبی افریقا کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہوگا۔