پیرس: (ویب ڈیسک ) سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار ، عالمی نمبر ایک اور ایونٹ کےٹاپ سیڈڈ نوویک جوکووچ نے اے ٹی پی پیرس ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا ، انہوں نے 40 واں ماسٹرز ٹائٹل اپنے نام کیا ہے ۔
اے ٹی پی کے زیر اہتمام ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہے۔
مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں 36 سالہ سربین ٹینس کھلاڑی نوویک جوکووچ نے عمدہ کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے بلغاریہ کے حریف کھلاڑی گریگور دیمتروف کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 3-6 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا ۔
24 بارگرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح نوویک جوکووچ اپنے 58 ویں ماسٹرز فائنل میں ایکشن میں تھے جو انہوں نے جیت لیا۔
نوویک جوکووچ کا سیزن 2023 کا یہ چھٹا ٹائٹل ہے، جس میں تین گرینڈ سلام ٹائٹلز اور سنسناٹی میں ماسٹرز ٹرافی بھی شامل ہے۔
اس حوالے سے نوویک جوکووچ نے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں ، وہ مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہیں اور مستقبل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید فتوحات حاصل کریں گے۔
نوویک جوکووچ رواں سیزن میں ہارڈ کورٹس پر غالب رہے ہیں ، انہوں نے 33 میچز جیتے ہیں۔