اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے جاپان کو 22 ویں ایشین جونیئر سکواش ٹیم چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں 1-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
کوارٹر فائنل میں انس علی شاہ نے پاکستان کے لیے پہلا میچ جیتا، انہوں نے رینشی ماکینو کو 53 منٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں 4-11، 6-11، 11-7 اور 8-11 سے ہرایا۔
تاہم سخی اللہ خان ترین کو شو تاکاشی کے ہاتھوں 57 منٹ تک جاری رہنے والے سخت مقابلے میں 9-11، 6-11، 11-2، 11-7 اور 8-11 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
فیصلہ کن میچ میں عبداللہ نواز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شنساکو کاریازونو کو صرف 30 منٹ میں 7-11، 5-11 اور 10-12 سے شکست دے کر پاکستان کی فتح یقینی بنائی۔
پاکستان کا سیمی فائنل میں مقابلہ کوریا سے ہو گا، اس سے قبل پاکستان نے گروپ میچز میں بھارت، مکاؤ اور چین کو شکست دے کر ناقابل شکست رہتے ہوئے ناک آوٹ راؤنڈ میں جگہ بنائی تھی۔