انٹرنیشنل مقابلوں میں میڈل جیتنے والوں کے لیے انعامی رقم میں اضافہ

Published On 27 July,2025 02:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپورٹس بورڈ نے انٹرنیشنل مقابلوں میں میڈل جیتنے والوں کے لیے انعامی رقم میں اضافہ کردیا۔

سپورٹس بورڈ کے 34 ویں بورڈ اجلاس میں منظوری کے بعد ری وائزڈ کیش ایوارڈ پالیسی جاری کردی گئی، اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر انعامی رقم ایک کروڑ سے بڑھا کر تین کروڑ کردی گئی ہے۔

اولمپکس میں سلور پر دو کروڑ اور برانز پر ایک کروڑ انعام ملے گا، پہلے اولمپکس سلورمیڈل پر 75 لاکھ اور برانز پر 50 لاکھ انعام ملتا تھا۔

ایشین گیمز میں گولڈ میڈل کی انعامی رقم 75 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ پچاس لاکھ کردی گئی، ایشین گیمز سلور میڈل پر 70 اور برانز پر 50 لاکھ ملیں گے۔

کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل کی انعامی رقم 50 لاکھ سے بڑھا کر 75 لاکھ کردی گئی، کامن ویلتھ سلور میڈلسٹ کو 50 اور برانز میڈلسٹ کو 30 لاکھ ملیں گے۔

نئی سپورٹس پالیسی میں ورلڈ چیمپئن شپ کو تین حصوں میں تقسیم کردیا گیا ہے، ہر چار سال بعد ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے پر 75 لاکھ انعام ملے گا۔

پالیسی میں ایشین چیمپئن شپ کے ایونٹس کو بھی تین مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، کامن ویلتھ اور جونیئر سطح کے ایونٹس کے لیے بھی چیمپئن شپ کی میعاد کے مطابق انعامات طے کیے گئے ہیں۔

سپورٹس پالیسی میں سنوکر کے لیے علیحدہ انعامی پالیسی مقرر کی گئی ہے، سنوکر ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے پر 15 لاکھ ، ایشین چیمپئن شپ پر ساڑھے سات لاکھ انعام دیا جائے گا۔

نئی پالیسی کے تحت سکواش میں برٹش اوپن یا مساوی ایونٹ جیتنے پر ایک کروڑ روپے کا انعام ملے گا، جونیئر سکواش ایونٹس جیتنے والے کھلاڑیوں کو پالیسی کے تحت 50 لاکھ روپے کا انعام ملے گا۔