فٹبال فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، ایجنڈا کو حتمی شکل دیدی گئی

Published On 09 August,2025 06:55 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان فٹبال فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کا ایجنڈا فائنل کرلیا گیا۔

پی ایف ایف نے پندرہ نکاتی ایجنڈا ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کو بھیج دیا، جس میں فرنچائز لیگ، نئے اکاؤنٹس کا کھولنا اور جنرل سیکرٹری کی تقرری بھی شامل ہے۔

ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں صدر محسن گیلانی اراکین کو فیفا اور اے ایف سی سے ملاقات پر بریفنگ دیں گے، آذربائیجان اور چین کی فٹبال ایسوسی ایشن کے ساتھ معاہدوں پر بھی اراکین کو بریف کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نئے لوگو کا ڈیزائن بھی اجلاس میں زیر غور آئے گا ، ایجنڈے میں فرنچائز لیگ، پریمیئر لیگ اور چیلنج کپ کے آغاز پر معاملہ زیر بحث آئے گا جب کہ  فٹبال فیڈریشن کے نئے بیک اکاؤنٹس کھولنے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

اس کے علاوہ پی ایف ایف آئین کے مطابق مختلف کمیٹیوں کی تشکیل بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے بجٹ کی منظوری بھی ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں ہوگی،اجلاس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی سے ریکارڈ کی وصولی بھی ہوگی۔