کراچی: (دنیا نیوز) سندھ گرین نے پہلی سہ روزہ بین الصوبائی انڈر 22 باکسنگ چیمپئن شپ کا بوائز ٹائٹل جیت لیا، سندھ کی رضا کارانہ دستبرداری کے بعد پنجاب گرلز مقابلوں کا چیمپئن بن گیا۔
کے پی ٹی سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ چیمپئن شپ کے بوائزمقابلوں میں سندھ گرین تین گولڈ اور دو برانزمیڈلز کا فاتح رہا، بلوچستان نے ایک گولڈ، دو سلور اور تین برانزمیڈلز جیت کر دوسری پوزیش حاصل کی جبکہ خیبرپختونخوا ایک گولڈ اور تین سلور میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
گرلز مقابلوں میں سندھ گرین اور پنجاب نے یکساں طور پرایک گولڈ اور ایک سلورمیڈل حاصل کیا تاہم میزبان ٹیم پنجاب کے حق میں دستبردار ہو گئی۔
بلوچستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی، بوائز مقابلوں کے فائنلز میں 50 کلوگرام میں سندھ وائٹس کے عمر نے خیبر پختونخوا کے امان اللہ، 55 کلوگرام میں سندھ گرین کے سمیر نے پنجاب کے محمد جنید، 60 کلوگرام میں سندھ گرین کے نوید اشرف نے بلوچستان کے احسان اللہ اور 70 کلو گرام میں بلوچستان کے رفیع اللہ نے خیبر پختونخوا کے ابو بکر کو ہرا دیا، 65 کلوگرام میں سندھ گرین کے مجاہد کو آزاد جموں کشمیر کے جنید خادم کے خلاف واک اوور مل گیا۔
گرلز مقابلوں کے 48 کلوگرام میں پنجاب کی عضوا خرم کو سندھ گرین کی خضرا، 51 کلوگرام میں سندھ گرین کی شہلا کو بلوچستان کی زینب اور 54 کلوگرام میں پنجاب کی افرا کو بلوچستان کی کبریٰ کے خلاف کامیابی ملی۔
اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل عتیق الرحمان عابد نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔