اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتِ پاکستان نے ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان (اے ایف پی) کی جانب سے معروف کوچ سلمان بٹ پر تاحیات پابندی کے متنازع اور شدید تنقید کا نشانہ بننے والے فیصلے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
سلمان بٹ وہ کوچ ہیں جنہوں نے پاکستان کے اولمپک ہیرو ارشد ندیم کو عالمی سطح پر کامیابی دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا، ان پر پابندی کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں کھیلوں کے حلقوں اور عوام نے سخت ردِعمل ظاہر کیا، جس کے بعد حکومت نے معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمیٹی ایتھلیٹکس فیڈریشن کے فیصلے کی وجوہات اور طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لے گی اور اپنی رپورٹ جلد وزیرِ اعظم کو پیش کرے گی۔
سپورٹس ماہرین نے حکومت کے اقدام کو درست سمت میں قدم قرار دیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ انصاف پر مبنی فیصلہ سامنے آئے گا۔