پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے ایک اور گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا

Published On 19 October,2025 08:46 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے فنگر ٹپ پش اپس میں ناروے کے سویری ڈائسن کا گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔

ناروے کے سویری ڈائسن نے ایک منٹ میں 80 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 38 فنگر ٹپ پش اپس کیے تھے، عرفان محسود نے ایک منٹ میں 42 پش اپس کرکے ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

عرفان محسود پش اپس کیٹیگری میں ورلڈ لیول پر سب زیادہ 70 ریکارڈ بنا چکے ہیں، انہوں نے اب تک 100 پاونڈ، 80، 60 اور 40 پاونڈ وزن کے ساتھ سب سے زائد ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں۔

عرفان محسود نے مارشل پش آپس، اسکواٹس، سٹیپ آپس، نی اسٹرائکس، ایلبو اسٹرائکس، ہائی جمپس اور اسٹار جمپس وغیرہ کے ریکارڈز بنائے ہیں۔

عرفان محسود کا کہنا ہے کہ انہیں سال 2023 میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارگردگی ملا اور وہ گزشتہ9 سالوں کے دوران 150 گینیز ورلڈ ریکارڈز بنانے والے پہلے پاکستانی بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں، عرفان محسود کے 20 شاگردوں نے بھی گینیز ورلڈ ریکارڈز بناکر ملک کا نام روشن کیا۔