نیویارک :(دنیا نیوز) عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے امریکی کلب انٹر میامی کے ساتھ 2028 سیزن کے اختتام تک نیا معاہدہ کر لیا ہے۔
انٹر میامی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں وہ نئے فریڈم پارک سٹیڈیم کے وسط میں میز پر بیٹھے معاہدے پر دستخط کرتے دکھائی دے رہے ہیں، ویڈیو کے ساتھ صرف یہی تحریر تھیHe’s Home۔
لیونل میسی نے بیان میں کہا کہ میامی میں رہنا اور اس خواب کو جاری رکھنا ان کے لیے باعثِ خوشی ہے، جب سے وہ میامی آئے ہیں، وہ بہت خوش ہیں اور یہاں اپنا سفر جاری رکھنے پر واقعی مطمئن ہیں۔
دوسری جانب انٹر میامی کے شریک مالک ڈیوڈ بیکہم نے کہا کہ میسی کا معاہدہ ان کے شہر، کلب اور کھیل کے ساتھ عزم کو ظاہر کرتا ہے، ان کے بقول میسی آج بھی جیتنے کے لیے اتنے ہی پُرعزم ہیں جتنے پہلے تھے، ایسے کھلاڑی کا ہمارے ساتھ ہونا ہمارے لیے اعزاز ہے جس نے کھیل کے لیے اتنا کچھ کیا اور نوجوان نسل کو متاثر کیا۔
خیال رہے میسی کا موجودہ معاہدہ 2025 کے اختتام پر ختم ہونا تھا، تاہم یہ نیا معاہدہ انہیں 2026 میں امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد بھی ایکشن میں رکھے گا۔



