لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے لیجنڈری سابق فٹبال سٹار ڈیوڈ بیکہم کو ’سر‘ کا خطاب مل گیا
گزشتہ روز ایک تقریب کے دوران برطانوی بادشاہ چارلس نے ونڈسر کیسل میں ڈیوڈ بیکہم کو ’نائٹ ہڈ‘ سے نوازا، بادشاہ چارلس نے ڈیوڈ بیکہم کو کھیل اور فلاحی کاموں میں نمایاں خدمات پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔
نائٹ ہڈ کا اعزاز ملنے کے بعد ڈیوڈ بیکہم اب ’سر ڈیوڈ بیکہم‘ کہلائیں گے۔
— The Royal Family (@RoyalFamily) November 4, 2025
"بیکہم نے ونڈسر کیسل میں ہونے والی تقریب کے بعد فوٹو اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری پوسٹ میں کہا کہ یہ بلا شبہ میری زندگی کا سب سے فخر کا لمحہ ہے،” "میں اپنے کیریئر میں بہت خوش قسمت رہا ہوں کہ جو کچھ جیتا اور جو کچھ کیا، لیکن نائٹ کا یہ اعزاز حاصل کرنا میرے لئے بہت بڑی بات ہے، میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ مجھے ملے گا۔”
ڈیوڈ بیکہم نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے شاہی خاندان کے فین رہے ہیں اور 2022 میں ملکہ ایلزبتھ دوئم کی تدفین پر 12 گھنٹے لائن میں کھڑے ہوئے تھے۔
ڈیوڈ بیکہم نے اپنے شاندار کیریئر کا زیادہ سفر مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ طے کیا، اس کے علاوہ ریال میڈرڈ، اے سی میلان اور پیرس سینٹ جرمن سمیت دیگر کلبز کی بھی نمائندگی کی۔
انہوں نے اپنے 20 سالہ کیریئر میں 19 کلب ٹائٹلز جیتے اور 115 انٹرنیشنل میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی، 2004 میں لیجنڈ برازیلین سٹار ’پیلے‘ نے اپنی 100 عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں ڈیوڈ بیکہم کو بھی شامل کیاتھا۔
ڈیوڈ بیکہم نے خیراتی اداروں میں بھی حصہ ڈالا اور 2005 سے یونیسیف کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔



