دوحہ:(دنیا نیوز) عالمی سنوکر چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن محمد آصف نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے اپنا ابتدائی میچ جیت لیا، تاہم، عالمی انڈر 17 چیمپئن محمد حسنین اختر اپنا افتتاحی میچ ہار گئے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق قطر کے شہر دوحہ میں شروع ہونے والی آئی بی ایس ایف عالمی سنوکر چیمپئن شپ میں عالمی چیمپئن محمد آصف نے اپنے حریف سنگاپور کےچن کینگ کوانگ کو ایک آسان مقابلے کے بعد 0-4 سے شکست دے دی، محمد آصف کی جیت کا فریم سکور 9-89، 44-73، 48-58 اور 13-83 رہا۔
تاہم، دوسرے قومی کیوئسٹ اور عالمی انڈر 17 چیمپئن محمد حسنین ہانگ کانگ کے تام یون فنگ سے سخت مقابلے میں 4-3 فریم سکور سے ہار گئے۔فنگ کی جیت کا فریم سکور 73-38، 42-77، 59-52، 26-70، 79-26، 47-80 اور 4-116 رہا۔ میچ کے دوران فاتح کھلاڑی نے ساتویں فریم میں سنچری بریک بھی کھیلا۔
چیمپئن شپ کے پہلے مرحلے میں 48 کھلاڑیوں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، لیگ راؤنڈ کے بعد ہر گروپ سے 2، 2 کھلاڑی ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنائیں گے۔



