نیویارک: (ویب ڈیسک) مکس مارشل آرٹس یو ایف سی میں روس کے علاقے داغستان سے تعلق رکھنے والے اسلام مخاشیف لائٹ ویٹ کے بعد ویلٹر ویٹ چیمپئن بن کرڈبل بیلٹ جیتنے والے چند ریسلرز میں شامل ہو گئے۔
میڈیسن اسکوائر گارڈن نیو یارک میں ہونے والے مقابلے میں 155 کلوگرام کیٹیگری سے 170 کلو گرام مقابلے میں منتقل ہونے والے سابق لائٹ ویٹ چیمپئن اسلام مخاشیف نے دفاعی چیمئن آسٹریلیا کے جیک میڈالینا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 45-50، 45-50 اور 45-50 سے شکست دی۔
پانچ راؤنڈز پر مشتمل فائٹ کے دوران اسلام مخاشیف پوری طرح اپنے حریف جیک میڈا لینا پر حاوی رہے اور انہیں اپنی گریپلنگ اسکلز کے ذریعے گرا کر ان پر مکوں اور کہنیوں کی بمباری کرتے رہے۔
یہ جیک میڈا لینا کی 2016 کے بعد پہلی شکست ہے، اس سے قبل میڈا لینا کا ریکارڈ 2-18 تھا جو اب 3-18 ہو گیا ہے جبکہ اسلام مخاشیف کا ایم ایم اے ریکارڈ 01-28 ہو گیا ہے۔
ویلٹر ویٹ چیمپئن بننے کے بعد اسلام مخاشیف کا کہنا تھا یہ میرا خواب تھا کہ ڈبل چیمپئن بنوں جو آج پورا ہو گیا ہے، اگلے مقابلے سے متعلق سوال پر اسلام مخاشیف نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس کے دروازے کھولو، میں آ رہا ہوں۔
اسلام مخاشیف مسلسل 16 مقابلے جیتنے کے بعد یو ایف سی کی ایلیٹ کیٹیگری میں بھی شامل ہو گئے ہیں اور انہوں نے سابق لائٹ ویٹ چیمئن اینڈرسن سلوا کا 16 فائٹس جیتنے کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔
یو ایف سی کی تاریخ میں اب تک صرف 11 ایسے فائٹرز رہے ہیں جنہوں نے ایک ساتھ دو بیلٹ جیتے ہیں۔



