دنیا کا پہلا بینک جس کا سارا عملہ روبوٹس پر مشتمل ہے

Last Updated On 26 April,2018 06:33 pm

شنگھائی: (ویب ڈیسک) بینک کی ایک شاخ کو مکمل خود کار بناتے ہوئے وہاں انسانوں کے بجائے روبوٹ بینکار تعینات کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چین میں دنیا کا پہلا بینک کھولا گیا ہے جس میں انسانوں کی بجائے روبوٹ پر مشتمل عملہ مختلف امور سر انجام دے رہا ہے۔ دنیا میں کسی بھی بینک کی یہ پہلی شاخ ہے جہاں چہرے کی شناخت، اور مصنوعی ذہانت سمیت جدید قسم کی ٹیکنالوجیز کو استعمال کیا گیا ہے۔ بینک میں کئی اے ٹی ایم اور خود کار مشینیں ہیں۔ یہ مشینیں اکاؤنٹ کھولنے، رقم کی منتقلی، منی ایکسچینج، سونے میں سرمایہ کاری اور دیگر خدمات فراہم کرتی ہیں۔

یہ برانچ چائنا کنسٹرکشن بینک نے شنگھائی میں کھولی ہے جہاں ٹیکنالوجی سے لگاؤ رکھنے والے صارفین بڑی تعداد میں آرہے ہیں۔ اس بینک میں قدم رکھیں تو ایک انسان نما (ہیومینوئیڈ) روبوٹ، آواز پہچاننے والی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے آپ سے بات چیت کرتا ہے۔بینک انتظامیہ کے مطابق انسانوں کے بغیر کام کرنے والا یہ خود کار بینک رقم اور غیر رقمی سہولیات کی 90 فیصد ضروریات پوری کرسکتا ہے۔